نئی دہلی، 8 ؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے آج کہا کہ این ڈی ٹی وی انڈیا پر ایک دن کی پابندی لگانے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی چینل کی درخواست پر5 ؍دسمبر کو سماعت کی جائے گی۔حکومت نے پہلے ہی ایک دن کی پابندی لگانے کے اپنے فیصلے پرعمل درآمدگی کوملتوی کر دیا ہے۔جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس این وی رمن کی بنچ نے این ڈی ٹی وی کی جانب سے سینئر وکیل پھلی نریمن اور حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل مکل روہتگی کی دلیلیں سننے کے بعد اس معاملے کو 5 ؍دسمبر کے لیے درج کرنے کا حکم دیا۔ان دونوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے ایک دن کی پابندی کے تحت 9 ؍نومبر کو ہندی نیوز چینل کی نشریات بندرکھنے کا حکم ملتوی کر دیا گیا ہے، اس لیے فی الحال سماعت کی کوئی جلدی نہیں ہے۔اس کے بعد عدالت نے اس معاملے کو5؍دسمبر کے لیے فہرست بند کر دیا۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ بین وزارتی پینل اس معاملے میں این ڈی ٹی وی کا موقف بھی سنے گی۔چینل نے کمیٹی سے پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے دوران مبینہ طور پربراڈکاسٹنگ کے قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے چینل کی نشریات پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔اس چینل نے کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک ریگولیشن قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔اسی قانون کے تحت چینل کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔این ڈی ٹی وی کے مالک نے کل اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی تھی۔اس کے بعد ہی حکومت نے اپنا فیصلہ ملتوی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات ایک دن بند رکھنے کے حکومت کے فیصلہ کے خلاف اس چینل نے کل سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔این ڈی ٹی وی نے اپنی ویب سائٹ پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوسرے چینلوں اور اخبارات نے بھی انہیں معلومات کے بارے میں خبریں دی تھیں۔ چینل کی نشریات پر پابندی لگانے کے حکومت کے فیصلے کی صحافیوں اور ایڈیٹروں کی تنظیموں نے شدید مذمت کی تھی اور اس کا موازنہ 1970کی دہائی میں ملک میں لگائی گئی ایمرجنسی سے کیا تھا ۔